فیصل آباد پولیس نے موٹروے کے قریب ڈکیتی کے دوران خاتون سے مبینہ زیادتی میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔
یہ واقعہ 25 مارچ کو سندل بار کے قریب پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ تین ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ پولیس پہلے ہی ایک ملزم، علی شیر، کو گرفتار کر چکی تھی۔
پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، 26 مارچ 2025 کو صبح 9 بج کر 41 منٹ پر ریسکیو 15 پر اطلاع دی گئی کہ گزشتہ شب 9:45 پر ایک شہری اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر جا رہا تھا جب موٹروے پل کے قریب تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے شہری پر تشدد کیا، اس کی بیوی کو اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان کا موبائل فون بھی چھین کر فرار ہو گئے۔
پریس ریلیز کے مطابق، اطلاع ملتے ہی ایس پی اقبال ڈویژن، ڈی ایس پی سرکل صدر، ایس ایچ او تھانہ ساندل بار اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچے۔
تحقیقات کے دوران پی ایف ایس اے ٹیم نے جائے وقوعہ سے مختلف شواہد جمع کیے، جبکہ متاثرہ شہری کی مدعیت میں تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 339/25، بجرم 375/392 تعزیرات پاکستان کے تحت تھانہ ساندل بار میں درج کیا گیا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ذیشان اصغر اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے۔