گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہوا۔ آفس آف ریسرچ اینڈ انوویشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس ورکشاپ کا مقصد فیصل آباد کے نمایاں تعلیمی اداروں کے انتظامی سربراہان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ ورکشاپ میں جی سی ویمن یونیورسٹی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے 30 افسران شریک ہیں، جہاں انتظامی مہارت، قیادت، مالیاتی انتظام، اور منصوبہ بندی جیسے اہم موضوعات پر تربیت دی جا رہی ہے۔ کنوینیر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے ورکشاپ کو انتظامی معیار میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور عملے کی صلاحیتوں کے فروغ کو یونیورسٹی کی کامیابی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حرا منیر نگران جبکہ ڈاکٹر اقصیٰ شبیر ریسورس پرسن کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔