فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی میں سولر سسٹم کا افتتاح کردیا گیا۔نگران صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن وسکول ایجوکیشن منصور قادرنے سولر سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔انہوں کہا کہ یونیورسٹیز ریسرچ گاہیں ہیں جہاں طالب علم جدید علم پر مہارت حاصل کرکے درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں جی سی وومن یونیورسٹی نے اعلی مقام حاصل کیا۔انہوں نے یونیورسٹی کلاس روم،لیبز،یونیورسٹی فٹنس فیوژن سنٹر،یونیورسٹی جناح آڈیٹوریم،بزنس انکیوبیشن سنٹراورای روزگارسنٹر کا دورہ کیا اور تمام تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کی۔انہوں نے درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تقرری میرٹ پر کی جائے گی۔انہوں نے یونیورسٹی کے دورے کے دوران اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کے لئے اپنی آراء پیش کیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے یونیورسٹی کے تمام پروجیکٹس کے متعلق آگاہ کیا اور یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی وتحقیقی کاموں کی رپورٹ پیش کی۔