گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد نے ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز منصوبوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے 2024 کی یو آئی گرین میٹرکس ورلڈ یونیورسٹیز رینکنگ میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ رینکنگ کے مطابق جی سی ڈبلیو یو ایف دنیا بھر کی تمام خواتین یونیورسٹیوں اور پاکستان کی خواتین یونیورسٹیوں میں دوسرے نمبر پر، پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں میں 18ویں، ایشیا کی تمام یونیورسٹیوں میں 282ویں، اور دنیا کی تمام یونیورسٹیوں میں 518ویں پوزیشن پر رہی۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ نمایاں ترقی ہے، جب یونیورسٹی دنیا بھر اور پاکستان کی تمام خواتین یونیورسٹیوں میں تیسرے، پاکستان میں مجموعی طور پر 24ویں، ایشیا میں 341ویں، اور دنیا بھر میں 580ویں پوزیشن پر تھی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغۂ امتیاز) نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کی ترقی کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جی سی ڈبلیو یو ایف نے سبز اور صاف ستھرے ماحول کے وژن کو حقیقت کا روپ دیا ہے، اور یو آئی گرین میٹرکس کی جانب سے اس کا اعتراف یونیورسٹی کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
ڈاکٹر کنول امین نے اس کامیابی پر ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عاصمہ خالد اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ماحولیاتی تحفظ اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے لیے مزید کوششوں کی ترغیب فراہم کرتی ہے۔