گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی قیادت میں عالمی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ یونیورسٹی نے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ فار انوویشن 2025 میں 164 ویں پوزیشن حاصل کی، جو گزشتہ سال کی نسبت 20 درجے بہتری کی عکاس ہے۔ قومی سطح پر جی سی ڈبلیو یو ایف نے مجموعی طور پر پانچویں جبکہ خواتین یونیورسٹیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید برآں، بحرانوں کے مؤثر انتظام کی کیٹیگری میں یہ یونیورسٹی عالمی سطح پر 52 ویں، پاکستان بھر میں تیسری اور خواتین اداروں میں پہلی پوزیشن پر فائز ہوئی۔ اسی طرح عالمی چیلنجز کے حوالے سے ایس ڈی جی پر مبنی ردِ عمل کی کیٹیگری میں اسے عالمی سطح پر 36 ویں، قومی سطح پر تیسری اور خواتین جامعات میں دوسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین نے کامیابی کا سہرا کوالٹی انہانسمنٹ سیل، فیکلٹی اور انتظامی ٹیم کی انتھک محنت اور جذبے کو دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح ہمیشہ تحقیق، جدت اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول رہی ہے۔