فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی )حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری عبدالحمید کی زیر نگرانی ” میک پاکستان گرین” پروگرام کے تحت محکمہ زراعت (توسیع) کمپلیکس میں شجر کاری کی گئی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) نے پودا لگا کر موسم برسات کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔اس مہم کے تحت فیصل آباد میں گورنمنٹ کی طرف سے دیئے گئے اہداف کے مطابق مون سون کی شجر کاری مہم کے دوران پودے لگا کر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔قبل ازیں ڈائریکٹر زراعت کی صدارت میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ آفیسر اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید،ڈویژنل فارسٹ آفیسر (توسیع) محمد علی بٹ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) چوہدری خالد محمود اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)ڈاکٹر خالد اقبال نے شرکاء سے خطاب کے دوران شجر کاری مہم کے اغراض و مقاصد اور ملک کو سر سبزوشاداب بنانے کے لئے شجر کاری مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر شرکاء میں مختلف اقسام کے پودے بھی تقسیم کئے گئے۔