فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں میٹرک پارٹ ون (کلاس نہم)کے پرائیویٹ طلباو طالبات کیلئے آن لائن انرولمنٹ و رجسٹریشن برائے سال 2023-25 کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ آخری تاریخ 15جولائی مقرر کی گئی ہے۔اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے ترجمان کے مطابق پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئر مینز کے فیصلہ کی روشنی میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد،سرگودھا،گوجرانوالہ ساہیوال،ملتان،بہاولپور،ڈی جی خان،لاہور،راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے کلاس نہم (میٹرک پارٹ ون برائے سال 2023-25) کے پرائیویٹ طلباء و طالبات انرولمنٹ فیس 1000روپے،پراسیسنگ فیس530روپے اور سپورٹس فیس100روپے کے ہمراہ آج سے 15جولائی 2023تک اپنی آن لائن انرولمنٹ و رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جو طلباء و طالبات کسی وجہ سے 15جولائی تک اپنی انرولمنٹ و رجسٹریشن نہ کراسکیں وہ ڈبل فیس کیساتھ 16جولائی سے31جولائی 2023تک اپنی آن لائن انرولمنٹ و رجسٹریشن کراسکیں گے جس کے بعد ڈبل فیس کیساتھ ساتھ یومیہ 50روپے جرمانہ بھی وصول کیاجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ بورڈز کمیٹی کے فیصلہ اور حکومتی پالیسی کے مطابق ناظرہ قرآن حکیم بمعہ ترجمہ تمام طلباء و طالبات کیلئے بطور مضمون پڑھنا لازمی ہو گا جس کا باقاعدہ امتحان بھی لیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں ضروری رہنمائی و معلومات کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے طلباء و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے والد،والدہ یا سرپرست کا درست شناختی کارڈ نمبر تحریر اور ب فارم میں دیئے گئے کوائف کا صحیح اندراج کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔