فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر منظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ایک غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم کے عارضی دفتر اور نقشہ کی منظوری کے بغیر عمارت کی تعمیر کرنے کی پاداش میں پلاٹ کو سربمہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کینال ایکسپریس روڈ پر انسپکشن کی تو میریڈین انکلیو کے نام سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی تشہیر کی جارہی تھی اورموقع پر کنٹینر میں عارضی دفتر بھی قائم کررکھاتھا جس کو فوری طور پر سربمہر کردیاگیا اور ڈویلپرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایف ڈی اے سے منظوری حاصل کئے بغیر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم کی تشہیر سے باز رہے بصورت مزید خلاف ورزی پر فوجداری کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں بلامنظوری نقشہ عمارت تعمیر کرنے پر پلاٹ نمبر 20.Z.2کو سربمہر کردیااور اس کی خلاف ورزی پر مالک پلاٹ کے خلاف چالان سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوادیا۔