فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق فیصل آباد میں ”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے“موبائل لنگر پروگرام کا آغاز کردیا گیاہے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین اورصوبائی وزیر کلچر وکالونی میاں خیال احمد کاسترو نے ربن کاٹ کر پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اورفوڈ ٹرک سے موقع پر موجود افراد میں کھانا تقسیم جبکہ ٹرک کوشہر کے مختلف روٹس پر روانہ کیا۔فیصل آباد میں دو ٹرک شہر کے معروف علاقوں میں روزانہ 10ہزار لنچ باکس تقسیم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر محمدعلی، ایس ایس پی اپریشنز محمد افضل،ارکان اسمبلی چوہدری لطیف نذر، شکیل شاہد، فردوس رائے، اسسٹنٹ کمشنرصدر عمر مقبول اور دیگر افسران،صنعتکار بھی موجود تھے۔صوبائی وزراء نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو کھانا کھلا نا سنت اورپنجاب کی روایت بھی ہے۔راولپنڈی اوراسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ”کوئی بھوکا نہ سوئے“لنگر پراجیکٹ کی تقلید کرتے ہوئے فیصل آباد میں اس کا آغاز کردیاگیا ہے۔فیصل آباد میں دو فوڈ ٹرک عوام بالخصوص مزدوروں،مسافروں اورمحنت کش بھائیوں کو عزت و احترام کے ساتھ دوپہر اوررات کا کھاناپیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو حفظان صحت کے مطابق معیاری اوربہترین افطاری پیش کی جائے گی۔صوبائی وزراء نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اوردیگر متعلقہ محکموں کو ”کوئی بھوکا نہ سوئے“کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔