فیصل آباد (محمد حمزہ ) ملکی مصنوعات کی کوالٹی اور پیداوار کو بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہے اور اس کی فراہمی کیلئے نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن تسلسل سے معلوماتی اور آگاہی سیشن منعقد کر رہی ہے۔ یہ بات این پی او کے انچار ج عبدالقیوم نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں کوالٹی اور پیداواریت کوبڑھانے کے سلسلہ میں ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سیشن میں صنعتی اداروں کے مالکان اور ڈائریکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ این پی او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری کی ہدایت پر جدید موضوعات کے بارے میں آگاہی سیشن منعقد کئے جا رہے ہیں تاکہ صنعتکاروں کو اُن کی مصنوعات کے معیار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اُن کی پیداواری صلاحیتوں کو بھی بڑھانے کی ترغیب دی جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ریسورس پرسن ڈاکٹر علی ساجد کا تعارف کرایا اور بتایا کہ وہ کوالٹی اور پیداوار کو بڑھانے کے جدید طریقوں کے ماہر ہیں اور اس سلسلہ میں مختلف پلیٹ فارم پر لیکچر دینے کے علاوہ آگاہی سیشن بھی منعقد کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ساجد علی نے عالمی سطح پر کوالٹی اور پیداوار بڑھانے کیلئے رائج مختلف طریقوں اور حکمت عملی کی وضاحت کی اور کہا کہ اس وقت دنیا میں ٹیکنالوجی تیزی سے بدل رہی ہے تاکہ کم سے کم اخراجات سے مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پیداوار کو بھی بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان طریقوں کو اپنا کے ہم قومی برآمدات کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اس لئے صنعتکاروں کو سنجیدگی سے نئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ ریسورس پرسن نے شرکاء کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور کہا کہ وہ کوالٹی اور پیداوار بڑھانے کے حوالے سے شرکا ء کسی بھی مشکل کے سلسلہ میں اُن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔