فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) سینٹرل جیل کے نوعمر اسیران کو مختلف سکولوں کے طالب علموں کی طرف سے کتابوں کا تحفہ دیا گیا۔بیکن ہاؤس اور روٹس آئی وی وائے کینال کیمپس کے طالب علم حسن علی،زینت علی ودیگر طالب علموں نے سنٹرل جیل جاکر اصلاحی، مزاحیہ، کھیلوں کی سرگرمیوں اور ڈرائننگ بکس نوعمر اسیران کے حوالے کیں۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ جیل ابوبکر عبداللہ بھی موجود تھے۔طالب علموں نے یہ کتب اپنی جیب خرچ سے خرید کر اسیران کو گفٹ کی ہیں۔طالب علموں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسیران بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور اگر وہ کسی وجہ سے جرائم کی دلدل میں پھنسے ہیں تو بطور ذمہ دار شہری ہمارا فرض ہے کہ انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے کے لئے کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کتابوں کا تحفہ دینے کا مقصد اسیران کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے کہ وہ جرائم کی جانب دوبارہ نہ جائیں اور کتابیں پڑھ کروقت تعمیری سرگرمیوں میں گزاریں۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ نے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں میں سب کو حصہ ڈالنا چاہیے۔سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اصغر علی نے طالب علموں کا شکریہ اداکیا.