فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) پنجاب حکومت کی ہدایات پر سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ نے جیلوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کی جانچ پڑتال کیلئے سینٹرل جیل اور ڈسٹرکٹ جیل کے دورے کئے۔ان کے ہمراہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل چوہدری علی اکبر،ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل محمد ابوبکر،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملک عطاء اللہ اور جی ایم آپریشنز محمد اعجاز بندیشہ بھی تھے۔سی ای او بلال فیروز جوئیہ نے صفائی کے بہترین انتظامات کو ممکن بنانے اور صفائی کا معیار بلند کرنے کیلئے جیلوں میں رائج صفائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب جہاں شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کے مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے وہیں جیلوں میں قیدیوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری لانے اور صاف وخوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کچن، باتھ رومز اور قیدیوں کی بیرکس کا بھی جائزہ لیا اور جیل حکام کی طرف سے صفائی کے غیر معمولی اقدامات کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے جیل حکام کو دستیاب وسائل میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔