فیصل آباد (حمزہ اکرم) حکومت پنجاب کے شعبہ کھیل کے فروغ کے تحت تیسرا ایک روزہ سری گورونانک کبڈی ٹورنامنٹ 24 نومبر کو سپورٹس کمپلیکس ڈجکوٹ میں کھیلا جائے گا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت چارکلبز کی ٹیمیں حصہ لیں گی اور ٹورنامنٹ میں 15 سے 20 لاکھ روپے تک کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔یہ بات معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے اقبال سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرکے میڈیا نمائندگان کو ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتائی۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،ڈی او سپورٹس ساجدہ لطیف اور کبڈی کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات جاری ہیں اور بڑے کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد انہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کبڈی سمیت کرکٹ،ہاکی اور دیگر کھیلوں کے فروغ اور میدان آباد کرنا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو بہترین ماحول فراہم کریں گے۔