فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی ) ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے کہا ہے کہ یوم عاشورپر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سمیت دیگر مذاہب کی معاونت ناگزیر ہے جومذہبی ہم آہنگی اور امن وسلامتی کے قیام کے لئے ہمیشہ صف اول میں رہ کر کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بات بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنرکوآرڈینیشن عمران رضا عباسی اورمذہبی رہنما موجود تھے۔ڈویژنل کمشنرنے کہا کہ محرم الحرام کے آئندہ ایام حساس حیثیت کے حامل ہیں جس کے دوران انتہائی ذمہ دارانہ اور محتاط طرز عمل کی ضرورت ہے تاکہ امن قائم رکھنے میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔انہوں نے اتحاد ویگانگت،رواداری اور بھائی چارے سے متعلق تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے اعلیٰ وارفع جذبات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے ہی امن کو درپیش خطرات کے چیلنجز کامقابلہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی تقریبات،مجالس عزا اور جلوسوں کے پرامن اورخوشگوار ماحول میں انعقاد کے لئے انتظامیہ وپولیس کی طرف سے انتظامی وحفاطتی ذمہ داریوں کوبخوبی پورا کیا جارہاہے تاہم علماء کرام ومذہبی رہنما اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تر انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے ضلعی وتحصیل کی سطح پر منظم کنٹرول رومزکام کررہے ہیں۔اجلاس کے دوران مذہبی ہم آہنگی کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور دیگر طبقات آپس میں متحد ومتفق ہیں اور امن و سلامتی کے فروغ کے لئے ان کی کوششوں اور محنت میں کمی نہیں آئے گی۔