فیصل آباد(محمد حمزہ)ڈویژنل کمشنر سلوت سعید سے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے ملاقات کی۔ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو پرائس کنٹرول میکنزم پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ سمیت کھادوں کی ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن لیں اور گرانفروشوں کو جیل بھجوایا جائے۔انہوں نے پٹرول پمپس پر فیول کی سو فیصد دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ ضلع میں اعلی نظم ونسق ہمہ وقت برقرار اور سرکاری دفاتر میں وقت کی پابندی پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس ضمن میں ایف ڈبلیو ایم سی اور پی ایچ اے کو مزید متحرک کریں جبکہ بھل صفائی مہم کے بعدگارکو اٹھوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے۔انہوں نے کمشنرکو یقین دلایا کہ ہدایات پر من وعن عملدرآمد کرایا جائے گا۔