شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے سپن وام میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 خارجی جہنم واصل ہوئے۔
شدید فائرنگ کے اس تبادلے میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 دیگر جوان شہید ہوگئے۔
خوارج کے خلاف یہ کارروائی 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب میں کی گئی تھی، شہید ہونے والے اہلکاروں میں لانس نائیک محمد اللّٰہ، لانس نائیک اختر زمان، اور لانس نائیک شاہد اللّٰہ شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمیں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم میں مزید تقویت دیتی ہیں، اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، اور پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کی ہر قسم کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پُرعزم ہیں۔