فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی )فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے زیر اہتمام الائیڈ ہسپتال کے پارکنگ پوائنٹ پرڈیجیٹل کیو آر سسٹم کےتحت پارکنگ کارڈ کا نظام متعارف کرادیا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمدعلی نے الائیڈ ہسپتال میں پارکنگ پوائنٹ پر جاکرگاڑیوں کی ڈیجیٹل کارڈ سسٹم کے ذریعے پارکنگ اور فیس کی وصولی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم پرویز،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیدایوب بخاری،مینجر پارکنگ کمپنی عامر اور دیگرافسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماڈرن پارکنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب یہ اہم قدم ہے جس کی بدولت شفافیت کے حوالے سے صارفین کو بہترین سروسزاور انشورنس کی سہولت بھی ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ الائیڈ ہسپتال کی پارکنگ سے سسٹم کا آغاز اور بعدازاں شہرکی دیگرپارکنگ سائٹس پربھی صارفین کو خصوصی پارکنگ کارڈز جاری ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ کارڈ سکیننگ کرکے ہی گاڑی پارکنگ ایریا میں داخل اور باہر جاسکے گی جبکہ صارف موبائل پر فیس کے میسج کے بعد ادائیگی کریگا۔انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے اوورچارجنگ اور گاڑی/موٹر سائیکل چوری ہونے کے واقعات کا بھی سدباب ہوگا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اپنی نوعیت کے پہلے پراجیکٹ پر بریفنگ دی اوربتایا کہ اس سسٹم کے تحت پارکنگ کمپنی کا تمام نظام ڈیجیٹلائزاور کمپنی کے آپریشنل نظام میں مزید بہتری آئیگی۔