فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سی پی او ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل نے کہا ہے کہ معاشرتی امن،فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا قیام پولیس کی ذمہ داری اور معاشرے کی ضرورت ہے،مذہبی طبقات کے قانون پسند علمائے کرام اور زعماء پولیس کے لئے رہنماکی حیثیت رکھتے ہیں،ضلعی امن کمیٹی انتظامیہ کا فعال ادارہ ہے،معاشرے سے نفرتیں ختم کرنے،محبتوں،اتحاد و وحدت کو فروغ دینے کے لئے اس مؤثر ترین پلیٹ فارم کو اہم ترین بنایا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مولانا فیض رسول،مولانا یاسین ظفر،مولانا ضیاء مدنی،سید جعفر شاہ نقوی اور انجمن تاجران کے کمیٹی ممبران محمد اسلم بھلی،امین بٹ اور راشد بٹ سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی،اجلاس میں سی پی او ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل نے معاشرتی امن کے مذید استحکام کے لئے شرکاء کی طرف سے دی جانے والی قابل عمل تجاویز پر قانون کی روشنی میں مکمل عمل در آمد کی یقین دہانی کروائی،سی پی او ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ ہم سے نے مل کر نفرتوں کی ”ن“ اور شر انگیزی کی ”ش“ کی چنگاری کو شعلہ بننے سے قبل قانون کی طاقت سے بجھانا ہے،انہوں نے کہا کہ معاشرتی امن اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ پولیس کو واضح اور دوٹو ک ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ قانون شکنوں اور قانون پسندوں میں واضح تفریق کی جائے،یہ وہ طریقہ ہے جو پولیس اور قانون پسند عوام کے مابین خلیج کو مذید کم کرے گا،سی پی او عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ مذہبی اجتماعات اور پروگراموں کے علاوہ بھی ضلع بھر کے امن کے لئے ضلعی امن کمیٹی کو بھر پورا فعال رکھا جائے گا،اجلاس میں شریک علمائے کرام اور مذہبی نمائندوں نے سی پی او عثمان اکرم گوندل کو قانون کی حکمرانی اور عمل داری کے لئے اپنے بھر پور عملی تعاون کی یقین دہانی کروائی