سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر فیصل آباد پولیس نے رواں سال کے دوران متحرک گینگز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 202 گینگز کے 526 ملزمان کو گرفتار کیا۔ کارروائیوں کے دوران 20 کروڑ 26 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا جن میں 644 موٹر سائیکلیں، 2 کاریں، 13 لوڈر رکشہ، 4 موٹر سائیکل رکشہ، 94 موبائل فونز، زیورات، نقدی، 25 بیٹریاں، 2 لیپ ٹاپس، تاریں، دیگر قیمتی اشیاء اور 82 مویشی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے جن کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جن میں 187 پسٹل، 2 کاربین، 1 موزر، 1 ریپیٹر، 3 پپش گنز، 1 پمپ 12 بور، 1 کلاشنکوف اور درجنوں گولیاں شامل ہیں۔ برآمد شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سی پی او فیصل آباد کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ہر اہلکار جرائم کے خلاف بہادری سے ڈٹا ہوا ہے۔