فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلع بھر میں پولیو مہم کی چیکنگ کا عمل شرو ع کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر برائے انسدادوبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین نے انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد کو چیک کیا۔وہ مختلف علاقوں میں گئے اور گھروں میں موجود بچوں کی انگلیوں پر نشانات چیک کئے۔انہوں نے بھٹہ جات کا دورہ کرکے وہاں رہائش پذیر افراد سے پولیو ٹیموں کے آنے اور بچوں کو قطرے پلانے کے بارے میں تصدیق کی۔انہوں نے خانہ بدوشوں کے علاقوں میں جاکر مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹرز،بنیادی مراکز صحت میں قائم پولیو کاؤنٹرز پر بچوں کو قطرے پلانے کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور ڈیوٹی پر مامور سٹاف کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے مختلف ٹرانسپورٹ سٹینڈز کا بھی دورہ کیا اور موقع پر موجود بچوں کو قطرے پلائے۔انہوں نے کہا کہ مہم کے اختتام تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا لہذا اہداف کے حصول کے لئے کمربستہ رہیں اور کارکردگی رپورٹ سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔