فیصل آباد(محمد حمزہ)ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف کی زیر صدارت ضلعی ہیڈز کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل سروسز کے اداروں کو مزید متحرک ہونے کی تاکیدکرتے ہوئے واسا،پی ایچ اے،میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلع کونسل کو آپس میں مربوط رابطہ قائم رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو توقعات سے بڑھ کر سروسز فراہم کی جائیں۔انہوں نے محکمہ سول ڈیفنس کو اپنے ذمہ ٹاسک کی انجام دہی کا حکم دیا اور کہا کہ محض کاغذی کارروائی سے گریز اور عملی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے دفاتر میں انرجی کی بچت کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں لاپروائی نہیں ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل کو عوامی بہبود کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ ٹھیکیداروں کو متحرک کیا جائے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں رہ کر عوامی بہبود کے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیا اور کہا کہ سرکاری بقایا جات کی ریکوری کے اہداف میں تیزی لاکر ٹارگٹ پورا کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ تحصیلوں کے اچانک وزٹس کئے جائیں گے لہذا سروسز کا معیار اپ ڈیٹ ہونا چاہیے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف صفائی ستھرائی کی صورتحال اور دیگر تفریحی سہولیات چیک کرنے پارکوں میں پہنچ گئے۔انہوں نے ڈی گراؤنڈ پارک،پاسبان پارک،کینال پارک اور دیگر پارکس کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کو تفصیلی چیک کیا اور کہا کہ صبح سویرے سیر کے لئے آئے ہوئے افراد کو صاف ستھرا ماحول نظر آنا چاہیے۔انہوں نے پارکس کے چوگنگ ٹریکس کی حالت چیک کی اور کہا کہ سیرو تفریح کے لئے آنے والوں کوصحت مند ماحول نظر ملنا چاہیے۔انہوں نے پارکس میں کوڑا دان نصب کرنے اورپارکوں میں لائٹس فنکشنل کرنے کے لئے خصوصی اہداف تفویض کئے۔انہوں نے پی ایچ اے سے کہا کہ سایہ دار درخت لگاکر ان کو پروان چڑھائیں۔ شہریوں کو پارکوں میں معیاری سہولیات نظر آنی چاہیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،ڈی جی پی ایچ اے ایوب خاں،سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن زبیر حسین ودیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔