ریسکیو 1122 فیصل آباد نے سال 2024 کے دوران 157,324 ایمرجنسی کالز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 149,094 متاثرین کو ریسکیو کیا۔ ان متاثرین میں 74,693 افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 67,552 کو ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ کنٹرول روم کو موصول ہونے والی کالز میں 33,754 روڈ ٹریفک حادثات، 105,877 میڈیکل ایمرجنسیز، 2,065 آگ لگنے، 3,583 کرائم، 111 ڈوبنے، 169 عمارت گرنے، 8 سلنڈر دھماکوں اور 10,390 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔ انسانی خدمت کے ساتھ 1,367 جانوروں اور پرندوں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ سالانہ کارکردگی اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کی، جنہوں نے شہریوں کو شدید دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے حالیہ شدید دھند کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ بِلا ضرورت سفر کرنے سے گریز کریں ضرورت کے وقت سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ اور رفتار آہستہ رکھیں۔ گاڑی کی لائٹس ان رکھیں اور لو بیم ہیڈ لائٹس کا استعمال کریں۔