فیصل آباد(محمد حمزہ)ضلعی انتظامیہ نے گھنٹہ گھرٹاپ پر چڑھنے والے شخص کو بحفاظت نیچے اتارنے والے فائر ریسکیوئر عبدالرحمان کو ”ہیرو فیصل آباد2022 ”کا خطاب دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ فائرریسکیوئرکی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے ان کے گھرمحلہ صدیق آباد نڑوالا روڈگئے اور ریسکیو اہلکار کو 50 ہزار روپے انعام،تعریفی شیلڈ وگلدستہ پیش کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122 احتشام واہلہ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص صفدر سکندری اور انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیوئر کی بہادری پر داد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے نوجوان ہمارے ہیرو ہیں اور عبدالرحمان نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر گھنٹہ گھر ٹاپ سے شخص کو نیچے اتار کر دلیری کی مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ ریسکیوئر شہری کی طرف سے تشدد اور پتھراؤ کے باوجود ثابت قدم رہے اور عزم سے اپنا مقصد حاصل کیا۔ضلعی انتظامیہ ایسے بہادر جوان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے قابل بنانے کی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔انہوں نے ریسکیوئر کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی والدہ سے کہا کہ وہ نڈر بیٹے کی ماں ہیں۔ریسکیوئر نے گھر آمد اور بھرپور حوصلہ افزائی پر ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہ اللہ پاک کا شکر اداکرتے ہیں کہ مشکل میں انہیں برداشت عطا فرمائی اور انہوں نے مقصد حاصل کیا۔ریسکیوئر کی والدہ نے کہا کہ انہیں باہمت اور بہادر بیٹے پر فخر ہے۔