فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)انسداد سموگ اقدامات کے تحت محکمہ ماحولیات نے ایکشن لیتے ہوئے فضائی آلودگی پھیلانے پر دو بھٹہ جات، فیکٹری کا بوائلر سیل اور ڈیڑھ لاکھ روپے کے جرمانے کئے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی رپورٹ پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات وسیم احسن چیمہ نے سرگردھا روڈ پر مکی مدنی برکس اور طلحہ منج برکس کو زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے پر سیل اور موقع سے دو افراد کو گرفتار کراکر حوالہ پولیس کردیا گیا۔ٹیموں نے ضلع بھر میں بھٹوں کی انسپکشن کی اور چک 253 ر۔ب میں مالیکا برکس، چک 433 گ۔ب جھوک دتہ میں الفرید برکس،چک 212 گ۔ب سمندری میں صابر برکس کے مالکان کو 50/50 ہزار روپے کے جرمانے اور کڑی وارننگ جاری کی۔علاوہ ازیں چک 120 ج۔ب میں ابراہیم پیپر بورڈ فیکٹری کو چیک کیا گیا تو وہاں سٹیم بوائلر میں چاولوں کے بھوسہ کو فیول کے طور پر جلایا جارہا تھا جس کے باعث چمنی سے زہریلا دھواں خارج ہونے سے ماحول آلودہ اور سموگ کے خطرات پیدا ہونے کے ساتھ بیماریوں کا بھی باعث تھا جس پر ایکشن لیتے ہوئے بوائلر کو سیل کرادیا گیا۔