فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ضلع بھر میں عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں سگریٹ نوشی کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتے ہوئے متعلقہ ادارے امتناع تمباکو نوشی قانون پر سختی سے عملدرآمدکو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ نسل کو تمباکو فری معاشرہ دے سکیں۔یہ بات ڈسٹرکٹ امپلیمینٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی برائے تمباکو کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان نے کہی۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے محمد سرور،پنجاب وٹریفک پولیس،پنجاب فوڈ اتھارٹی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نار کوٹکس کنٹرول کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ٹوبیکو کنٹرول ٹاسک فورس کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹوبیکو سموک فری سیٹیز وزارت قومی صحت ثمرہ مظہرنے بتایا کہ پاکستان میں تمباکو نوشی سے روزانہ سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد بچے روزانہ تمباکو نوشی شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی سے کینسر سمیت دیگر بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں لہذا صحت کے تحفظ کے لئے سگریٹ، سگار، شیشہ، بیٹری اورتمباکو کی دیگر مصنوعات کے استعمال سے اجتناب کرنے کے بارے میں عوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے بارے میں تسلسل سے ایونٹس کا انعقادکیا جائے۔اس موقع پر شرکاء نے اٹھارہ سال سے کم عمروالے افراد کوسگریٹ فروخت کرنے،تعلیمی اداروں سے پچاس میٹرتک کے فاصلے پر سگریٹ فروخت، امپورٹڈ اور کھلے سگریٹ فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کی ضرورت پر زور دیا.