فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)لائلپورمیوزیم ایک چھت تلے تمام تاریخ سموئے ہوئے ہے۔میوزیم کو دورحاضر کے مطابق ایڈوانس ٹیکنالوجی کا بھی سہارا لینا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ظہور حسین نے لائل پورمیوزیم کے دورے کے دوران کیا۔ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مزمل یار،ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ عالم،احسن قیصر سیکشن آفیسر اورسماجی رہنماجعفر حسن مبارک بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے کہا کہ وہ پہلی بار لائل پور میوزیم کے دورے پر آئے اور گیلریز دیکھ کر خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میوزیم نوجوان نسل کو راہنمائی اور تاریخ سے آگاہی بھی دیتا ہے۔لائل پور میوزیم نہ صرف ریجن بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے بھی معلومات کا ایک خزانہ ہے۔ لائلپورموزیم کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنا وقت کا تقاضا ہے۔عجائب گھر کا ڈسپلے ڈیجیٹل ہونا چاہیے۔انہوں نے میوزیم کی ترتیب اور صفائی ستھرائی کے انتظامات پر ڈائریکٹر میوزیم زاہد اقبال کی کاوشوں کو بھی سراہا۔