فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی ) فیصل آباد میں مسافروں کو معیاری،آرام دہ اور جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے فیصل آباد ٹرانسپورٹ کمپنی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے اور کمپنی کے تحت فیصل آباد میں اہم روٹس پر ماڈرن ائیر کنڈیشنڈ بسیں چلانے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تجاویز حکومت پنجاب کو ارسال کی جائیں گی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کی ہدایات پر سروے ٹیم نے فیصل آباد کا دورہ کرکے مجوزہ روٹس کا مشاہدہ اور ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری آرٹی اے محمد سرور اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد میں ماحول دوست بڑی اور چھوٹی ائیر کنڈیشنڈ 100بسیں چلانے کا ارادہ ہے اور بسیں حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ بسوں کے روٹس پر بس شیلٹر قائم کئے جائیں گے جبکہ پسنجر انفارمیشن سسٹم کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بس سٹاپ پر ڈیجیٹل سکرینیں بھی نصب ہونگی اورمسافروں کو ٹریکر کے ذریعے بسوں کی آمد سے متعلق معلومات میسر ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ کرایہ کی ادائیگی پری پیڈ کارڈ کے ذریعے ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد میں شہریوں کوسفر کے لئے ائیر کنڈیشنڈ بس سروس اپنی نوعیت کا انقلابی منصوبہ ہوگا جس سے مسافروں کو بہترین سروسز میسر آئیں گی۔سیکرٹری آرٹی اے نے بتایا کہ ماڈرن ائیر کنڈیشنڈ بسوں کے لئے روٹس کاسروے کرکے متعلقہ درکار امور پر ورکنگ جاری ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی ٹیم نے بتایا کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ماڈرن بسوں کو چلانے کے لئے اقدامات کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔