فیصل آباد (حمزہ اکرم ) سپین کے سفیر مینوئیل ڈیوران نے کہا ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی ”پاکستان اکنامک کانفرنس“ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ کی قیادت میں ملنے والے ایک وفدسے گفتگو کررہے تھے جس میں اکنامک کانفرنس کمیٹی کے چیئرمین محمد اظہر چوہدری اور ڈیلی گیشن کمیٹی کے چیئرمین انجینئر عاصم منیر بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان بہترین تجارتی تعلقات ہیں تاہم اِن میں مزید اضافے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کی Diversification کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں حکومت پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرونا کی وجہ سے عالمی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم دنیا بتدریج مشکل حالات سے نکل رہی ہے اس لئے ہمیں بھی تجارت کے فروغ کیلئے باہمی مشاورت سے از سر نو کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فیصل آباد میں نئے اور جدید صنعتی علاقوں کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سپین کے سرمایہ کاریہاں ہائی ٹیک صنعتوں کے قیام کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور بہت جلد اِن منصوبوں پر عملی کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سپین کے سرمایہ کاروں کو فیصل آباد میں ہونے والی اکنامک کانفرنس میں بھی شرکت کی ترغیب دیں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ سپین میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد خدمات سر انجام دے رہی ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور سپین کے درمیان تجارتی حجم 1.3ارب ڈالر ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سپین کے سفیر کو اکنامک کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ اس سے سپین کے سرمایہ کاروں کو ٹیکسٹائل، ہاؤسنگ، تعمیرات، فارما سوٹیکل، قابل تجدید توانائی، زراعت، کھیلوں اور سیاحت کے شعبوں میں پاکستان کے پوٹینشل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔