فیصل آباد(حمزہ اکرم)وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے علاقوں میں ایک ارب روپے کا خصوصی پیکج جاری کیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں وارث پورہ میں 30 کروڑ روپے سے سیوریج لائنیں اور واٹر سپلائی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کے لئے ٹینڈرز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر حبقوق گل کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تمام مذاہب اور مسالک کے افراد قابل احترام ہیں اور ان سے متعلقہ کسی بھی مذہبی تہوار پر واسا فیصل آباد خصوصی سروسز فراہم کرتا ہے اس لئے کرسمس سے قبل مسیحی برادری کی رہائش پذیر آبادیوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور دیگر مسائل حل کر دئیے جائیں گے جس کے لئے خصوصی طور پر فیلڈ سٹاف کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔وائس چیئرمین نے بتایا کہ اقلیتی برادری کے لئے سپیشل پیکج کے تحت ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جس سے پہلے مرحلے میں وارث پورہ میں 30 کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی جس سے وارث پورہ ماڈل علاقہ بن جائے گا۔اس موقع پر مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر حبقوق گل نے کہا کہ واسا نے ہمیشہ مسیحی برادری کے رہائش پذیر علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز فراہم کی ہیں اور آج بھی کرسمس سے قبل چرچز کو جانے والے روٹس پر سیوریج لائنوں کی صفائی کی درخواست لے کر آئے ہیں جس پر واسا حکام نے تمام مسائل کرسمس سے پہلے ہی مکمل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر واسا عدنان نثار،مینارٹیز کوآرڈینیشن کمیٹی کے کوارڈی نیٹر عمران صادق،منظور انتھونی،نثار ڈوگر اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔