فیصل آباد: ڈاکوؤں نے شوہر کو باندھ کر بیوی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا
فیصل آباد کے علاقے چنن پل کے قریب زرعی یونیورسٹی کی ایک خاتون ملازمہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، دو ڈاکوؤں نے میاں بیوی کو لوٹنے کے بعد خاتون کی عزت پامال کی۔
تھانہ ساندل بار پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مدعی کے مطابق، ملزمان نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی میں 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کے بعد دو ڈاکوؤں نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔ ذرائع کے مطابق، یہ علاقہ منشیات فروشوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جہاں غیرقانونی اسلحہ بھی عام ہے، تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
متاثرہ جوڑے نے ایک ملزم کی شناخت کرلی، جسے علی شیر کے نام سے نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، واردات کے دوران ڈاکوؤں نے اپنے ساتھی علی شیر کو فون پر بلایا، جو اجتماعی زیادتی میں شریک تھا۔