فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہیومن ریسورس کمیٹی کا اجلاس ایف ڈبلیو ایم سی کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر/ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر محمد علی نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں شہری حدود میں شامل ہونے والے مزید علاقوں میں صفائی ستھرائی کی سروسز فراہم کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئے جبکہ ان علاقوں میں بھی صفائی چارجز لاگو کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران رہائشی وکمرشل علاقوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنرنے پبلک ٹائلٹس کی معیاری صفائی،استعمال کے آداب،پانی کی بچت و صفائی ستھرائی بارے عوامی آگاہی مہم زوروشور سے چلانے کی بھی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں سی ای او کاشف رضا اعوان،جی ایم آپریشن کرنل(ر) عماد گل، ڈاکٹر شفاقت گل،مزمل سلطان اور دیگر ارکان بھی موجودتھے۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی نے کمیٹی اراکین کو آپریشنل معاملات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں صفائی کا معیار بلند کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کی توقعات کے مطابق شہر ہر لحاظ سے صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔انہوں نے کوڑا کرکٹ کو مناسب اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے اور ویسٹ ورکرز کی حاضری کی کڑی مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کمپلیکس میں صفائی ستھرائی کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔سی ای او نے اپنے عزم کو دہرایا اور کہا کہ شہریوں کو بہترین سروسز کی فراہمی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔