فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ڈپٹی کمشنر محمد علی کوروناایس اوپیز پر عملدرآمد کو چیک کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں پہنچ گئے اور فیس ماسک کے بغیرشاہرات پر خرید وفروخت کرنے والے اور کار وموٹر سائیکل سواروں کو اترواکرانہیں احساس ذمہ داری اداکرنے کی تلقین کی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کواحساس دلاتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا کی موجودہ تیسری لہر کی سنگینی کا ادراک کریں اور فیس ماسک کے بغیر گھروں سے نکلنے سے گریز کیا جائے جو ان سمیت ان کے اہلخانہ کی صحت کے تحفظ کے لئے لازمی ہے۔انہوں نے دکانداروں وریڑھی فروشوں کی سرزنش کی اور کہا کہ ضلع بھر میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے لہذا کاروبار جاری رکھنے کے لئے وضع کردہ قائمہ ہدایات پر عمل کریں بصورت دیگر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کا لوڈ ہے لہذا شہری پہلے کی طرح ذمہ داری کا ثبوت دیں تاکہ سختی نہ کرنی پڑے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی وانسدادی اقدامات پر عمل پیرا ہے تاہم سماجی تعاون کے بغیر وباء کو شکست نہیں دی جاسکتی لہذا شہری تعاون جاری رکھیں۔