فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں جاکر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سروسز کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف کی حاضری اور صفائی کی صورتحال کو بھی چیک کیا۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈ،ادویات کے سٹور میں ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی میڈیسن کا ریکارڈ دیکھا۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سروسز فراہم کی جائیں تاکہ مریض علاج معالجہ کے حوالے سے ہسپتال کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔انہوں نے ہسپتال میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔انہوں نے ہسپتال میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کے عمل کی نگرانی اور دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسسٹنٹ کمشنر فیصل سلطان نے بتایا کہ تحصیل ہسپتال کی انسپکشن کا عمل جاری ہے اور انتظامی وطبی امور کو چوکس رکھا گیا ہے۔