فیصل آباد ( ایف ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک ) کے اکنامک زونز سے ملحق 300 ایکڑ اراضی پر بزنس پارک قائم کرنے کے علاوہ اپیرل پارک کے منصوبے پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔ وہ چیئرمین فیڈمک میاں کا شف اشفاق سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس پارک میں عالمی معیار کا ایکسپو سینٹر اور گالف کلب بنایا جائے گا جبکہ ہوٹلنگ کے کاروبار کیلئے خصوصی مراعات دینے کے علاوہ کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وہ جلد فیصل آباد کا دورہ کر کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فرنیچر سٹی،ہیلتھ سٹی اور ویونگ سٹی پرکام کے آغاز اور ون ونڈو سروس سینٹر، سیف سٹی پراجیکٹ، شٹل ٹرین سروس،فیڈمک پولیس اسٹیشن، ریسیکو 1122اسٹیشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کابھی افتتاح کریں گے۔ علاوہ ازیں اس مجوزہ دورے میں وہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں بننے والے سوشل سکیورٹی ہسپتال،میڈیکل کالج اورنرسنگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کاسنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ انہوں نے چیئرمین فیڈمک کو ہدایت کی کہ اپیرل پارک کے قیام پر بھی جلد سے جلد پیشرفت کی جائے۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے انہیں فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی اولین ترجیح بن چکا ہے اور اس کی تکمیل سے پاکستان میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انتہائی مختصر مدت کے دوران بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے فیڈمک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو سرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنانا ان کے ویژن کا حصہ ہے جس کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں سات سپیشل اکنامک زونز پر کام ہورہاہے۔