فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے اور آتشزدگی کے واقعات کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فائر فائٹرز کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا. شہید فائر فائٹرز کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی. ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ریسکیو 1122 فیصل آباد نے 10353 آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا اور فیصل آباد کے شہریوں کی28 بلین مالیت کی املاک کو نقصان سے بچایا. انہوں نے مزید کہا کہ اب تک متعدد واقعات میں ریسکیو نے آگ میں پھنسے 615 شہریوں کی جان بچائی اور اسی عظیم حوصلے کے ساتھ آئندہ بھی فیصل آباد کی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے.. موقع پر موجود ایمرجنسی آفیسر آپریشنز غلام شبیر کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں آگ پر قابو پانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فائر فائٹرز کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ریسکیو 1122 کے جوان ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے تیار ہیں.