فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان انٹر نیشنل ائر لائن کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت پی آئی اے فیصل آباد وومن چیمبر اور ان کی فیملیز کو کرایہ میں خصوصی رعایت دے گا۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب فیصل آباد وومن چیمبر کے فاطمہ جناح ہال میں ہوئی جس میں پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینجر محمد شاہد حسین اور فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرمسز تہمینہ پاشا نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس یادداشت کے مطابق فیصل آباد وومن چیمبر اپنے اراکین کو پی آئی اے کے ذریعے سفر کرنے کی ترغیب دے گا جبکہ انکی سہولت کے لئے پی آئی اے ایک خصوصی کاؤنٹر بھی قائم کرے گا۔ مسز تہمینہ پاشا نے اس یادداشت کو دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کی سمت اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی بشمول کاروباری خواتین کی بڑی تعداد کراچی اور بیرون ملک سفر کرتی ہے اس لئے پی آئی اے کو مختلف روٹس پر زیادہ سے زیادہ فلائٹس چلانے اور کوالٹی سروس مہیا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی معیشت تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ملک کی تیسری بڑی معیشت ہے اور فیصل آباد نے ایم تھری کو سی پیک کے تحت سپیشل اکنامک زون قرار دینے سے مستقبل قریب میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمدرفت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا اس لئے اس سے فائدہ اُٹھانے کے لئے پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کے دائرہ کار کو بھی مزید بڑھانا ہو گا۔ اس موقع پر پی آئی اے کہ دیگر افسران کے علاوہ فیصل آباد وومن چیمبر ا ٓف کامرس اینڈ اندسٹری کی سینئر نائب صدر مسز شاہدہ آفتاب، فاؤنڈر صدر مسز روبینہ امجد، مسز فردوس رائے(ایم پی اے)، مسز عشرت نوید، مسز ہادیہ شبیر چاولہ، ڈاکٹر نجمہ افضل، مسز نمرہ رحیم اورو مسز رابعہ سعید بھی موجود تھیں۔