فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے اور حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو کسی بھی فورم پر تنہا نہیں چھوڑے گی اس ضمن میں تمام متعلقہ محکمے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔یہ بات وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمشن چوہدری وسیم اختر نے دورہ فیصل آباد کے موقع پرڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ضلعی اوورسیز کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر کالونیز وکلچر میاں خیال احمدکاسترو بھی موجودتھے۔اجلاس میں کمشنرپنجاب اوورسیز پاکستانی کمشن سید خادم عباس،ڈی جی عشرت اللہ نیازی،ڈائریکٹرپولیس امتیازاحمد ودیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او سہیل چوہدری نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرز محمدخالد،محمد طلحہ،شیخ سہیل ودیگر موجودہیں۔وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمشن نے ضلعی انتظامیہ وپولیس سے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو متحرک کریں۔انہوں نے کہا کہ معاشی مضبوطی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابل تحسین ہے لہذا انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ ترجیح ہونی چاہیے۔کمشنر اوورسیز پاکستانی کمشن نے ضلع میں اب تک موصولہ شکایات،ان کے حل،ریونیو وعدالتی کیسز اور زیر التواء درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے زور دیاکہ اووسیز شکایت ومسائل کے حل پر مطمئن ہونا چاہیے۔انہوں نے کارکردگی کو باقاعدگی سے پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی بھی تاکید کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اوورسیز کی زیر التواء درخواستوں پر تیز رفتار کارروائی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اوورسیز کا اجلاس ہر ماہ باقاعدگی سے منعقد کیاجارہا ہے اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔سی پی او نے بتایا کہ پولیس سے متعلقہ اوورسیز کے مسائل کے حل کے لئے واضح ہدایات جاری کررکھی ہیں۔