فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی ) ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل اورریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کا جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،انچارج سٹی ٹرمینل عاصم الیاس بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے سٹی ٹرمینل میں مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے اندر جاکر والدین کے ہمراہ سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے کی تصدیق کی اوران کی انگلیوں پر نشانات چیک کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بس /ویگن پولیو ٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے سٹی ٹرمینل میں مختلف پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کی موجودگی،بچوں کو قطرے پلانے کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیااور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں خواہ انہوں نے یہ قطرے پہلے جتنی بار بھی پی رکھے ہوں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کسی جگہ پولیو وائرس کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے انچارج سٹی ٹرمینل سے کہا کہ وہ پولو مہم کی نگرانی جاری رکھیں۔ڈپٹی کمشنر نے ریلوے اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور پلیٹ فارمز پر جاکر پولیو ٹیموں کی موجودگی چیک کی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ایک اجلاس کے دوران پولیو کی جاری مہم کے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامی افسران کو تاکید کی کہ مہم کے سو فیصد اہداف کو یقینی بنایا جائے اور مہم پر عملدرآمد کی کڑی مانیٹرنگ کے ساتھ روزانہ کی کوریج رپورٹ سے انہیں بھی آگاہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کا ہر راؤنڈ خصوصی اہمیت کا حامل ہے لہذا محکمہ صحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے مہم کے اہداف کے حصول کویقینی بنائے اس ضمن میں جذبوں میں کمی نہیں آنی چاہیے۔