فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) علماء کرام و آئمہ حضرات صحت مند ماحول اور صفائی برقرار رکھنے سے متعلق عوامی کارواں کی قیادت کریں اور اپنے خطبات میں صفائی ستھرائی اور شجرکاری سے متعلق عوامی شعور اجاگرکریں کیونکہ وہ معاشرے کا بااثر طبقہ ہیں جنکا موثرپیغام معاشرے میں نتیجہ خیر ہوسکتاہے۔یہ بات چیئرمین ایف ڈی اے /ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے اپنے حلقہ پی پی 114کی مساجد کے علماء کرام و آئمہ حضرات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو میٹروپولٹین میونسپل کارپوریشن میں منعقدہوا۔جس میں ایم ڈی واسا جبار انور،جنرل منیجر آپریشن فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد اقبال گل، ڈائریکٹر پی ایچ اے عبد اللہ نثار چیمہ، تاجر رہنما خواجہ شاہد رزاق سکااوردیگر افسران نے بھی شرکت کی جبکہ تقریب کی نقابت اختر بٹ نے کی۔چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے آئمہ کرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ تقریب اپنے شہر اور ملک کوصاف ستھرابنانے کے عظیم مقصد کیلئے منعقد کی گئی ہے جسکی کامیابی مذہبی رہنما اپناکلیدی کردار اداکرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام اور وطن عزیز سے محبت کاتقاضا ہے کہ ہرفرد صفائی قائم رکھنے کے معاملے میں مذہبی و اخلاقی ذمہ داریاں کماحقہ ادا کرے اور علماء کرام کی طرف سے صفائی نصف ایمان کے اسلامی اصولوں کو دہرانے سے یہ پیغام پورے ملک میں پھیلے گا اور صحت مندماحول،صاف ہوا اور سرسبز و شادابی کی بدولت معاشرہ بیماریوں سے پاک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلم ممالک صفائی کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں لیکن ایمان کا حصہ ہونے کے باوجود ہم بدقسمتی سے گلی محلوں، شاہرات اور اپنے ارد گرد ماحول کو صاف رکھنے کیلئے اپنی انفرادی ذمہ داریوں کا احساس نہیں کرتے اس ضمن میں علماء کرام لوگوں میں وسیع ادراک پیدا کریں تاکہ اسلامی معاشرہ میں صفائی نصف ایمان کی عملی تصویر نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیاگیاہے جسکی تعمیر وترقی، بقاء و سلامتی کیلئے اسے صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کا پختہ عہد کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ نماز جمعہ کے موقع پر رضاکار پودوں سمیت مساجد کے باہر موجود ہونگے۔ شہری اپنے پودے حاصل کرکے ان کی آبیاری اورنشوونما میں حصہ ڈالیں۔ ایم ڈی واسا جبار انور نے کہاکہ آلودگی اور تعفن سے پاک ماحول کیلئے سیوریج سسٹم میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مساجد میں سیپٹک (septic)ٹینک اور انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک قائم کرنے سے سیوریج کے بند ہونے یا پانی کی قلت کا مسئلہ ختم ہوسکتاہے اس ضمن میں واسا کی طرف سے ڈیزائن فراہم کیاجارہاہے۔ انہوں نے سیوریج کا نظام کو بحال رکھنے میں عوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔جنرل منیجر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد گل نے شہر کی صفائی کے نظام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ دستیاب وسائل میں صفائی کرنے اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے کام کی کامیابی شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں کیونکہ سینٹری ورکر آٹھ گھنٹے کام کرتاہے جبکہ کوڑا کرکٹ چوبیس گھنٹے پیدا ہوتاہے لہٰذ ا کچرے کو سٹرکوں پر پھینکنے کی بجائے شاپر میں بند کرکے سینٹری ورکرکے حوالے کیاجائے اس سلسلے میں علماء کرام شہریوں کی موثر رہنمائی کرسکتے ہیں۔ تاجر رہنماخواجہ شاہدرزاق سکا نے صفائی اور شجرکاری کے سلسلے میں علماء کرام کے تعاون کے حصول کیلئے تقریب کے انعقاد کوسراہتے ہوئے بتایاکہ انجمن تاجراں کی طرف سے پانچ ہزار پودے لگائے جاچکے ہیں اوروہ مساجد و مدارس کومزیدپودے عطیہ کرسکتے ہیں جبکہ صفائی میں استعمال ہونے والا سامان بھی مہیا کرنے میں تعاون کرینگے۔انہوں نے خلوص نیت اور دیانتداری سے وطن عزیز کی خدمت کرنے پر زوردیا اور کہاکہ حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔ اجتماع سے علماء کرام /آئمہ حضرات مفتی عبدالرحمن عابد، قاری عبیدالرحمن، نجیب اللہ طارق، ودیگر نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ صفائی نصف ایمان اور درخت لگاناصدقہ جاریہ ہے جس پر عمل کیلئے عزم وجذبے کی ضرورت ہے اور محراب ومنبر سے صفائی ستھرائی اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ احکام الٰہی ہے کہ اچھاانسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے لہٰذا ہمیں قرآن و سنت کی تعلیمات کی پیروی کرنی چاہئے جس سے معاشرے کی اصلاح ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ صفائی اور شجرکاری کی تحریک ایک بڑا مقصد ہے جسکی کامیابی کیلئے ہرفرد کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرناچاہئے آخر میں ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی اور قومی یکجہتی اور وطن عزیز کی خدمت کے مشن کی تکمیل کی دعا کی گئی