فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے جھنگ روڑ قبرستان جاکر لیجنڈ قوال نصرت فتح علی خان کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے نصرت فتح علی خاں کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عظیم پاکستانی قوال، موسیقار، موسیقی ڈائریکٹر اور بنیادی طور پر قوالی کے گلوکار تھے جن کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔انہوں نے کہا کہ نصرت فتح علی خان کو بڑے پیمانے پر اردو زبان میں صوفی گلوکار اور جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے قوالی گلوکار کے طور پر سمجھا گیاوہ بلاشبہ شہنشاہ قوالی تھے۔ان کا فن آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔آج ان کی برسی پر ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مرحوم کی لازوال خدمات کے اعتراف میں عبداللہ پور انڈر پاس ان کے نام سے منسوب کیا گیاجبکہ آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کا نام بھی انہیں ٹربیوٹ پیش کرنے کی کاوش ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عظیم قوال نصرت فتح علی خاں کی خدمات کو نئی نسل میں زندہ رکھنے کے لئے کاوشیں جاری رکھے گی۔مرحوم 16 اگست 1997 کو جہاں فانی سے کوچ کرگئے تھے جن کی برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی اور ان کے چاہنے والوں نے ان کی قبر پر جاکر فاتحہ خوانی کی۔