فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) پاک فوج کے 200 جوانوں نے کینال روڈ پر گرین بیلٹ میں ضلعی وپولیس انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ پودے لگائے۔ڈپٹی کمشنر محمدعلی،قائمقام آرپی او/سی پی او سہیل چوہدری،لیفٹیننٹ کرنل عثمان منہاس،میجر جنید چیمہ،اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول،سید ایوب بخاری،ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ نے بھی شجرکاری کی۔چک 204 پل نہر کے ساتھ گرین بیلٹ میں آٹھ سے زائد اقسام کے سینکڑوں موسمی پودے لگائے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم کے ٹین بلین ٹری پروگرام کے تحت ضلع بھر میں وسیع بنیادوں پر شجرکاری جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں رواں سیزن کے دوران اب تک 70 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کو تروتازہ بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی محافظ پاک فوج کی شجرکاری مہم میں شمولیت خوش آئند ہے۔قائمقام آرپی او/سی پی او نے کہا کہ شجرکاری میں ضلعی پولیس بھی شریک ہے اور تھانوں وپولیس دفاتر میں پودے لگا کر ان کی آبیاری بھی کی جارہی ہے۔پاک آرمی کے افسران نے کہا کہ ماحول کو خوشگوار بنانے کے لئے درختوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔انہوں نے بتایا کہ شجرکاری میں پاک فوج کے جوان بھی شرکت کررہے ہیں۔