فیصل آباد( نمائندہ ایف ٹی وی) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایف ڈی اے سٹی میں مختلف رقبہ جات کے رہائشی وکمرشل پلاٹس کی فروخت کیلئے کھلے عام نیلامی منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں بولی دھندگان نے شرکت کی اور پلاٹس کی خریداری کے لئے بولی میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ نیلامی کے پہلے دن 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کے گیارہ پلاٹس فروخت ہوئے۔ عوامی۔سہولت کے لئے بقایا پلاٹس کی نیلامی منگل 21 ستمبر کو بھی منعقد ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے خصوصی طور پر بولی کے عمل کا جائزہ لیا جبکہ نیلام کمیٹی کے اراکین ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ممبر گورننگ باڈی ایف ڈی اے میاں یاسر انور، پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر قمر شہزاد ودیگرنے نیلام عام کی نگرانی کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بولی دھندگان کا خیر مقدم کیااور کہاکہ بولی کے عمل کو صاف شفاف اور منظم رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے گئے ہیں اس ضمن میں مروجہ پالیسی اور قواعد و ضوابط کو مدنظررکھاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ہاؤسنگ کے شعبہ میں ایف ڈی اے سٹی ایک بہترین اور باوقار رہائشی منصوبہ ہے جو اب تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے بتایاکہ بجلی کی فراہمی کیلئے تین فیڈر ز فنکشنل ہوگئے ہیں جبکہ بقایاکام اوردیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سکیورٹی سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے چاردیواری کی تعمیر کے علاوہ پولیس چوکی کاقیام عمل میں لایاجارہاہے جبکہ ڈویژنل پبلک سکول کے قیام کا منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے بتایاکہ کمرشل ایریا کو بارونق بنانے کیلئے دیگر اقدامات کے علاوہ مشہور برانڈز کی مختلف کمپنیزسے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین موقع ہے کیونکہ ایف ڈی اے کے بارے میں عام تاثر بہت بہتر ہوا ہے اور قدر وقیمت میں بتدریج اضافہ سے الاٹیز /مالکان اب پلاٹس کی فروخت میں دلچسپی نہیں رکھتے جبکہ خریدار پلاٹس کے متلاشی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پلاٹس کی فروخت سے حاصل ہونے والے فنڈز ایف ڈی اے سٹی کی مزید ڈویلپمنٹ پر ہی خرچ کئے جائینگے۔