صوبہ کے 9۔اضلاع سمیت فیصل آباد میں انسدادپولیوکی خصوصی مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے ہلال احمرمیٹرنٹی ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلاکر 24 جنوری سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا۔مہم 28 جنوری تک جاری رہے گی جس میں پانچ سال تک کی عمر کے تقریبا 13لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 4869 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹربلال احمداور دیگر ڈاکٹرز بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،والدین ذمہ داری کا ثبوت دے کر تعاون جاری رکھیں اورپانچ سال تک کی عمر کے بچوں کوپولیوکے قطرے پلوائیں تاکہ ملک کو صحت مند مستقبل دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے دوقطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کا باعث ہیں لہذا والدین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلان پر ذمہ داری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جس میں معمولی سی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ ہوگی اور سوفیصد اہداف کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو مہم کی کامیابی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی تاکید کی۔سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ مہم کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔