گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں گزشتہ روز پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے جائزے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی زیرِ صدارت ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں آتشزدگی کی وجوہات، مالی نقصان، موجودہ حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی پروٹوکول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وائس چانسلر نے الیکٹرک اسکوٹیز، موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے لیے علیحدہ پارکنگ ایریاز مختص کرنے، ڈبل پارکنگ کی روک تھام اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چیف سکیورٹی آفیسر کو ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کے تعاون سے سکیورٹی و متعلقہ عملے کے لیے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ وائس چانسلر نے آتشزدگی کے دوران بروقت کردار ادا کرنے والے یونیورسٹی ملازمین کو سراہتے ہوئے ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کی معاونت پر شکریہ ادا کیا، جبکہ کسی جانی نقصان نہ ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے یونیورسٹی کے حفاظتی اقدامات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔



