فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) پاکستان ریلوے کو منافع بخش بنانے کیلئے فیصل آباد اور پسنجر لوڈ دینے والے دیگر شہروں سے مزید فاسٹ پسنجر اور کارگو ٹرینیں چلائی جائیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پر فیصل آباد کا دورہ کرنے والی اعلیٰ سطحی ٹیم سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے آج بھی محفوظ، سستی اور تیز رفتار سواری ہے مگر اس کے پوٹینشل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں جبکہ یہاں سے بڑی مقدار میں کارگو بھی کراچی کی بندرگاہ سمیت دیگر شہروں کو بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو تیز رفتار سفر کیلئے تمام فاسٹ ٹرینوں کو 120کلومیٹر کی رفتار سے چلانا چاہیے جبکہ اس کی رفتار میں بتدریج اضافہ کیلئے ٹریک کو بھی بہتر بنایا جائے اور یہ تمام کام فیصل آباد کو ایم ایل ون سے ملانے سے قبل مکمل کر لیا جاناچاہیے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ابھی تک خانیوال۔ شاہدرہ براستہ فیصل آباد ٹریک کو ڈبل نہیں کیا جا سکا جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اردگرد کے علاقوں سے فیصل آباد کام کیلئے آنے والے محنت کشوں کیلئے شور کوٹ سے فیصل آباد تک خصوصی پسنجر ٹرین چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فیصل آباد سے کوئٹہ اور فیصل آباد سے کراچی کیلئے نان سٹاپ ٹرین کو بھی بحال کیا جائے۔ صدر چیمبر نے ریلوے اسٹیشن کی فوری اَپ گریڈیشن اور پارکنگ کے مسائل کی بھی نشاندہی کی اور کہا کہ ریلوے کے ہسپتال کو از سر نو فنکشنل کیا جائے۔ ریلوے کے چیف ٹریفک منیجر جمشید عالم نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد آئے ہیں تاکہ اس شہر کے مسائل کو فوری حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مقامی نوعیت کے مسائل کو فوری حل کر دیا جائے گا جبکہ ملکی سطح کے مسائل کو خصوصی سفارشات کے ساتھ وفاقی وزیر کو پیش کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کے ڈپٹی چیف انجینئر افتخار علی، شوکت علی، فیصل آباد کے اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر سلمان خالد، فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین مزمل سلطان، فیصل آباد چیمبر کے نائب صدر رانا فیاض احمد اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مرزا ہدایت اللہ بھی موجود تھے۔