فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے پتنگ بازی کے گھناؤنے کاروبار کی روک تھام کے لئے پتنگ وڈور تیار وذخیرہ کرنے والے 10 افراد کو30 دن کے لئے سینٹرل جیل میں نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ احکامات مینٹیننس آف پبلک آرڈینینس کی دفعہ 3 کے تحت جاری کئے گئے ہیں تا کہ پتنگ بازی کی خطرناک کھیل کو روکنے کے لئے پوری قانونی طاقت کا استعمال کیا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پتنگ بازی کے خطرناک وجاں لیوا کھیل کے خلاف مکمل انداز میں انسدادی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں متعلقہ افراد کی طرف سے پتنگ و ڈورسازی اور فروخت کا اندیشہ تھاجس پر سخت ترین قانونی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی انسانی جان کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس قبیح فعل کو سختی سے روکیں گے۔