فیصل آباد(محمد حمزہ)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر کی ہدایت پر غیرقانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر منظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھر پور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی تعمیرات کو مسمار اور ایک پلاٹ کو سربمہرکردیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیازعلی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران غیرقانونی تعمیر پر مدینہ ٹاؤن میں پلٹ نمبر 91کو سربمہر کردیا جبکہ کینال روڈپرڈوائن ہاؤسنگ کے سامنے غیرقانونی تعمیرکی گئی پرائیویٹ سڑک کومسمار کردیا۔علاوہ ازیں مدینہ ٹاؤن میں تجاوزات کا صفایا کرکے گرین بیلٹ کو کلیئر کردیاگیا۔ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیاگیا ہے کہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان ضبط اورقصورواروں کے خلاف چالان کئے جائیں گے۔ڈویلپرز سے کہا گیا کہ وہ ہاؤسنگ سکیم کے اجراء سے قبل ایف ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کریں۔ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیاہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سخت ایکشن لیاجارہاہے لہذا بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر عمارات تعمیر نہ کی جائیں۔