فیصل آباد(حمزہ اکرم)شاعری دلوں کو گداز بنا کر معاشرتی حسن کو دوبالا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔لائلپور کی تاریخ بین الاقوامی مشاعروں سے سجی سنوری نظر آتی ہے یہی وجہ ہے کہ منروا کلب اہل دانش اور اہل فکر کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بھر پور مواقع فراہم کرتا ہے تاکہ اس روایت کو اگلی نسلوں تک پہنچایا جا سکے۔ان باتوں کا اظہار ممتاز سیاست دان اور منروا کلب کے صدر میاں زاہد سرفراز نے منروا کلب اور ادبی تنظیم سخن کے اشتراک سے دبئی سے آئے ہوئے مہمان عرب نژاد شاعر ڈاکٹر زبیر فاروق کے اعزاز میں منعقدہ جشن زبیر فاروق سے اپنے صدارتی کلمات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ خوشگوار حیرت ہے کہ ایک عرب شاعر اردو غزل کی رنگینیوں اور لطافتوں سے بھر پور شاعری کر کے دنیا بھر میں خوبصورت ادب کا پیامبر بن کر سامنے آیا ہے جس سے اردو سے وابستہ لوگوں کو دلی مسرت ہوئی ہے۔ڈاکٹر زبیر فاروق نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں میڈیکل کالج میں اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ اردو زبان کے ساتھ عشق کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس پر شاعری کے جو پھول نچھاور کئے تھے وہ آج کتابوں کی سنچری کی صورت میں لوگوں کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ادبی ذوق رکھنے والوں کا شہر یہاں آ کر انہیں جو محبت ملی وہ لفظوں میں بیان نہیں کی جاسکتی۔قبل ازیں کلب کے سیکرٹری رانا مشتاق خان نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج دبئی کے علاوہ فرانس اور ملک بھر کے اہم ترین شاعروں کی یہاں موجودگی اس بات کی غماز ہے کہ موسم بہار کی رنگینیوں میں اس مشاعرے کے ذریعے لوگوں کو ادب کے معطر جذبوں سے لطف اندوز ہونے کا بھر پور موقع ملے گا۔ کلب کے سیکرٹری سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ منروا کلب میں ملک بھر سے بڑے بڑے شعراء یہاں کے مشاعروں کی شان بڑھاتے رہے ہیں اور آج ایک عرب شاعر کے اردو کلام کو سن کر ایک نئے پن کا احساس اجاگر ہوا ہے۔مشاعرے میں آصف رضا شیخ،اشرف یوسفی،شہزاد بیگ،اے ایچ عاطف،مظہر نصیب گل،(فرانس) شاہد زمان (کوہاٹ)، ڈاکٹر شبیر احمد قادری،رائے سیف الرحمن بھٹی،سمیع اللہ عرفی، ڈاکٹر طارق ہاشمی،ظفر عجمی، ڈاکٹر نسیم صحرائی،نعیم ثاقب، ثناء اللہ ظہیر،ڈاکٹر شوکت علی، سرور خان سرور،اختر بٹ،اجمل سروش،واصف علی واثق،عرفان وارث،ڈاکٹر محمود رضا سید،ثمینہ رئیس نشیب،صفیہ حیات،اشفاق بابر،قمر بخاری،ڈاکٹر شاہد اشرف، جمشید ضیاء،آصف سردار آرائیں، مدثر عباس،اسامہ سالار،نرگس رحمت،ہاجرہ تبسم،ڈاکٹر آصف گوہیر، انصر رشید و دیگر نے اپنا کلام پیش کیا۔منروا کلب کے سیکرٹری نے خصوصی ایوارڈ ڈاکٹر زبیر فاروق کو پیش کیا جبکہ مہمان شعراء میں انعامات تقسیم کئے گئے۔