فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی ہدایات پر عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز متحرک انداز میں فرائض انجام دیں گی تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مستعدی سے ٹھکانے لگا کر شہریوں کوتعفن سے پاک خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔یہ بات ڈویژنل کمشنرزاہد حسین نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ،جنرل مینجر آپریشنز محمد اعجاز بندیشہ،ڈپٹی مینجر کمیونیکیشن مطیب ورک اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے میڈیا کے ہمیشہ سے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن کے حوالے سے ٹھوس اورموثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس پر کامیاب عملدرآمد کے نتیجہ میں قربانی کے جانوروں کی باقیات کی صفائی کے حوالے سے شہریوں کو واضح فرق نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ کڑے نظام کے تحت صفائی آپریشن کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی اس سلسلے میں تمام انتظامی مشینری متحرک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں /اداروں پر واضح کردیا گیا ہے کہ عیدالاضحی پر معیاری صفائی میں سستی،لاپرواہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اس میں غفلت شعار اورفرائض سے پہلو تہی کرنے والے سٹاف کے خلاف ایکشن اوربہترین سروسز کے حامل ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔ڈویژنل کمشنر نے میڈیا کے توسط سے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا وباء کے پیش نظر ایس اوپیز پر عملدرآمدیقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں متوقع بارشوں کے دوران اور بعد از بارش صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی تیار ہیں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا جس کے مطابق عیدسے قبل عیدگاہوں کی صفائی ستھرائی اورعیدکے ایام کے دوران قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا اورعیدکے بعد اجتماعی قربانی کے مقامات کے علاوہ شہر کی اہم سڑکوں کی دھلائی کی جائے گی تاکہ قربانی کے باعث پیدا شدہ ناخوشگوار ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے۔سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ماحول دوست انداز میں جانوروں کی آلائشوں کی تلفی کیلئے جامع پلان تشکیل دیا ہے جس کے مطابق عیدسے ایک دن قبل تمام ٹرانسفر سٹیشنز کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ عید الاضحی کا صفائی آپریشن پرائمری و سیکنڈری کولیکشن کے ساتھ عیدکے تیسرے روز تک بلاتعطل جاری رہے گا۔صفائی پلان کے مطابق جدید مشینری کے ساتھ ویسٹ ورکرز کی تعیناتی،اہم شاہروں و یونین کونسلوں میں 40آگاہی کیمپس کا قیام،15عارضی ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز،شہر کی بڑی مساجد اورعیدگاہوں میں صفائی کے علاوہ ایک روز قبل اہم مقامات و مارکیٹوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی الائشیں جمع کرنے کے لئے 55 ہزار بائیو ڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگز شہریوں میں مفت تقسیم کئے جائیں گے۔عیدالاضحی کے پہلے دو دنوں کیلئے 385 گاڑیاں استعمال کی جائیں گی جن میں 56 منی ڈمپرز اور کرایہ پر حاصل کی گئی 254پک اپس،75 لوڈر رکشے جبکہ عیدکے تیسرے دن کیلئے 135 پک اپس کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں جبکہ 56 منی ڈمپرز کے علاوہ آرم رولر،ٹریکٹر ٹرالی،ٹریکٹر لوڈر،ٹریکٹر بلیڈ،شاول جبکہ ایکسکویٹر اورڈمپر کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں۔عیدالاضحی کے تیسرے دن اجتماعی قربان گاہوں کی مکینیکل واشنگ بھی صفائی پلان کا حصہ ہیں۔آلائشوں کی ماحول دوست انداز میں تلفی کیلئے ڈمپ سائیٹ پردو خندقیں کھودی گئی ہیں جہاں شہر بھر سے اکٹھی کی جانے والی آلائشیں دفن کی جائیں گی۔شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شکایات کے اندراج اور فیڈ بیک کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا جارہا ہے جس میں شہری ایف ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر شکایت درج کراسکیں گے یہ کنٹرول روم عید کے تیسرے دن تک فعال رہے گاجبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنل سنٹر ڈی سی آفس سے بھی مکمل رابطہ رہے گا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسرنے بتایا کہ عیدالاضحی کے میگا ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام افسران و ماتحت عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ فسران کوفیلڈ میں رہنے اور موثرمانیٹرنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔عید الاضحی پر صفائی کے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے اراکین اسمبلی، ضلعی اداروں،علماء وسول سوسائٹی کے ساتھ بھی عیدپلان شیئر کیا جا رہا ہے۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مزیدبتایا کہ عیدپر صفائی پلان کو ہر طرح سے جانچ پرکھ کر تیار کیا گیا ہے جس کے کامیاب اطلاق کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی لیکن اس میں حکومت کے عزم کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور شہریوں کا تعاون بھی ناگزیرہے،شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ آلائشوں کو جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے ایف ڈبلیو ایم سی کے عملہ کے حوالے کریں اور صفائی سے متعلق شکایات کے لئے ہیلپ لائین 1139پر رابطہ کریں۔انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ عیدالاضحی پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔