فیصل آباد(حمزہ اکرم) عابد حسین بھٹی نے بطور ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیاہے اس سے قبل وہ ڈپٹی کمشنر آفس میں بطور ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ تعینات تھے۔ عابد حسین بھٹی چارج سنبھالنے کیلئے جب ایف ڈی اے کمپلیکس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ایمپلائز یونین کے صدر حاجی رشید جاوید کی سربراہی میں سٹاف کے ارکان نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اورگلدستے پیش کئے جبکہ ایف ڈی اے کے افسران نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سرکاری فرائض کی احسن انداز میں بجاآوری کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عابد حسین بھٹی نے افسران اور سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے شہری ترقی اور عوامی ریلیف کی تیز رفتاری کی فراہمی کیلئے محنت سے سرکاری خدمات انجام دی جائیں گی۔ انہوں نے بعض ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ محنت، دیانتداری اور تیزرفتار سروس ڈیلیوری کے اعلی اقدار میں کمی نہیں آنی چاہئے۔